اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان) شہر میں سیوریج کا نظام درہم برہم ہونے کے باعث محلہ جگ پورہ سمیت مختلف علاقوں میں گندا پانی جوہڑوں کی شکل اختیار کر چکا ہے، جس سے شہریوں کی زندگی اجیرن بن گئی ہے۔ تعفن زدہ پانی، کیچڑ اور مچھروں کی افزائش کے باعث ملیریا اور دیگر وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، جبکہ گھروں کی بنیادیں بھی کمزور ہونے لگی ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ محلہ گیلانی، اکبر ٹاؤن، ناصر ٹاؤن، اختر کالونی سمیت دیگر علاقوں میں بھی یہی صورتحال ہے، جہاں گٹر ابلنے سے گلیاں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ بدبو اور گندگی سے شہری جلدی بیماریوں اور الرجی میں مبتلا ہو رہے ہیں، جبکہ زیر زمین پانی میں گندگی شامل ہونے سے پیٹ کے امراض میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
متاثرہ شہریوں محمد شہباز، ارشاد احمد، بابر شوکت، بابر بھٹی، محمد شفیق، محمد رشید، محمد احمد اور دیگر کا کہنا ہے کہ وہ میونسپل کمیٹی اوچ شریف کو متعدد بار شکایات درج کرا چکے ہیں، لیکن کوئی سننے کو تیار نہیں۔ منتخب نمائندے بھی خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔
علاقہ مکینوں نے کمشنر بہاولپور اور اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ سے فوری نوٹس لینے اور سیوریج نظام کی بہتری کے لیے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔