مزید دیکھیں

مقبول

اوچ شریف: فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے عظیم الشان احتجاجی ریلی

اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے دھوڑکوٹ میں عظیم روحانی پیشوا پیر سید شیر شاہ حقانی کی قیادت میں فلسطینی بھائیوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک عظیم الشان احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی جن میں معزز علماء کرام، مقامی دکاندار، نوجوان، بزرگ اور طلبہ شامل تھے۔

تفصیلات کے مطابق اوچ شریف کے نواحی علاقے دھوڑکوٹ میں معروف روحانی شخصیت پیر سید شیر شاہ حقانی کی قیادت میں فلسطینی مظلوموں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک تاریخی احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس نے علاقے کی فضاؤں کو لبیک یا اقصیٰ اور مردہ باد اسرائیل کے نعروں سے گونجا دیا۔ ریلی میں مقامی علماء کرام مولانا طاہر زمان، استاد ریاض، جام اشرف سمیت سیاسی، سماجی و مذہبی حلقوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ عوام کا جذبہ دیدنی تھا، نوجوانوں نے فلسطینی پرچم اٹھا رکھے تھے۔

ریلی کا ایک اہم اور تاریخی لمحہ اس وقت دیکھنے میں آیا جب مقامی دکانداروں نے پیر سید شیر شاہ حقانی کی موجودگی میں احتجاجاً اسرائیلی ساختہ مشروبات کو سڑک پر لا کر توڑ دیا۔ بوتلوں کے ٹکڑے سڑک پر بکھر گئے اور عوام نے نعرے بلند کرتے ہوئے ان مصنوعات کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کیا۔ اس موقع پر شرکاء کی آنکھوں میں فلسطینی مظلوموں کے لیے درد اور غصہ نمایاں تھا۔

علماء کرام نے اپنے خطابات میں کہا کہ اسرائیلی مظالم دنیا کی تاریخ کا سیاہ باب ہیں، اور مسلم امہ کی خاموشی مزید المیے کو جنم دے رہی ہے۔ انہوں نے عالم اسلام سے مطالبہ کیا کہ وہ متحد ہو کر قبلۂ اول اور مظلوم فلسطینیوں کے تحفظ کے لیے مضبوط حکمت عملی اختیار کریں۔

پیر سید شیر شاہ حقانی نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا: "یہ وقت خوابِ غفلت سے جاگنے کا ہے۔ جو قومیں مظلوموں کا ساتھ نہیں دیتیں، تاریخ اُنہیں معاف نہیں کرتی۔ آج ہم نے نہ صرف آواز بلند کی ہے بلکہ عملی طور پر اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کر کے دشمن کو پیغام دیا ہے کہ مسلمان جاگ چکا ہے۔”

ریلی کے اختتام پر پیر سید شیر شاہ حقانی نے انتہائی رقت آمیز دعا کرائی، جس میں فلسطینی شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی شفا، اور امتِ مسلمہ کی بیداری کے لیے دعائیں کی گئیں۔ عوام کی آنکھیں اشکبار تھیں اور دلوں میں ایک نئی بیداری کی چنگاری سلگ رہی تھی۔

ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانیhttp://baaghitv.com
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی 2003ء سے اب تک مختلف قومی اور ریجنل اخبارات میں کالمز لکھنے کے علاوہ اخبارات میں رپورٹنگ اور گروپ ایڈیٹر اور نیوز ایڈیٹرکے طورپر زمہ داریاں سرانجام دے چکے ہیں اس وقت باغی ٹی وی میں بطور انچارج نمائندگان اپنی ذمہ داری سرانجام دے رہے ہیں