مزید دیکھیں

مقبول

اوچ شریف: انجمن تاجران احتجاجی ریلی، مودی کا پتلا نذر آتش، پاک فوج سے اظہار یکجہتی

اوچ شریف (باغی ٹی وی ،نامہ نگارحبیب خان) بھارت کی جانب سے نہتے شہریوں پر حملوں اور فضائی جارحیت کے خلاف اوچ شریف میں انجمن تاجران کی قیادت میں ایک تاریخ ساز احتجاجی ریلی نکالی گئی، جس نے شہر کی فضا کو حب الوطنی، جوش و جذبے اور قومی یکجہتی سے معمور کر دیا۔ ریلی میں شہریوں، تاجروں، علما، وکلاء، اساتذہ، صحافیوں، بزرگوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جو "پاک فوج زندہ باد” اور "پاکستان کا مطلب کیا؟ لا الہ الا اللہ” جیسے فلک شگاف نعروں سے دشمن کے خلاف شدید غصے اور پاک فوج سے غیرمتزلزل وابستگی کا مظاہرہ کر رہے تھے۔

ریلی ڈاکخانہ چوک سے شروع ہو کر الشمس چوک تک جوش و جذبے سے جاری رہی، جس کی قیادت انجمن تاجران کے چیئرمین ملک بشیر احمد اعوان، سرپرستِ اعلیٰ شیخ محمد اکمل، نائب صدر میاں عامر صدیقی اور صدر عمر خورشید سہمن نے کی۔ مقررین نے اپنے ولولہ انگیز خطابات میں بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دشمن ہوشیار رہے، یہ قوم نہ جھکنے والی ہے نہ بکنے والی — ہم سب پاک فوج کے سپاہی ہیں۔

مقررین نے کہا کہ بھارتی افواج کا شہری آبادی، مساجد اور مدارس کو نشانہ بنانا کھلی دہشتگردی اور عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے۔ ریلی کے اختتام پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا پتلا نذر آتش کیا گیا، اور شہدائے وطن کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ بعد ازاں ملک کی سلامتی، افواجِ پاکستان کی کامیابی، شہداء کے درجات کی بلندی اور کشمیری عوام کی آزادی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔

ریلی میں شریک عوام کا ایک ہی نعرہ تھا: "پاکستان پہلے!” جس نے ثابت کر دیا کہ افواج، عوام اور تاجر برادری ایک صف میں ہیں، اور یہی قومی اتحاد دشمن کے لیے سب سے بڑی شکست ہے۔

ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانیhttp://baaghitv.com
ڈاکٹرغلام مصطفی بڈانی 2003ء سے اب تک مختلف قومی اور ریجنل اخبارات میں کالمز لکھنے کے علاوہ اخبارات میں رپورٹنگ اور گروپ ایڈیٹر اور نیوز ایڈیٹرکے طورپر زمہ داریاں سرانجام دے چکے ہیں اس وقت باغی ٹی وی میں بطور انچارج نمائندگان اپنی ذمہ داری سرانجام دے رہے ہیں