اوچ شریف (باغی ٹی وی/نامہ نگار حبیب خان) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے دو ٹوک ویژن کے مطابق قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں ضلع بہاولپور میں تیزی سے جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ نوید حیدر کی قیادت میں اوچ شریف کے نواحی علاقے نورپور جدید میں ایک اہم اور تاریخی آپریشن کیا گیا، جس کے دوران 30 سال سے زائد عرصے سے قابض عناصر سے قیمتی اراضی واگزار کرا کے اصل مالک سید اظہر علی رضوی کے حوالے کر دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق مذکورہ اراضی پر طویل عرصے سے بااثر قبضہ مافیا کا ناجائز قبضہ تھا، جس کے باعث اصل مالک شدید مشکلات اور قانونی پیچیدگیوں کا شکار رہا۔ سابقہ ادوار میں متعدد درخواستوں کے باوجود کوئی مؤثر کارروائی نہ ہو سکی تھی۔ موجودہ صوبائی حکومت کی زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر نوید حیدر نے ریونیو، پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر مکمل قانونی کارروائی عمل میں لائی۔

کارروائی کے دوران کسی دباؤ یا سفارش کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے قبضہ مافیا کے خلاف قانون کے مطابق اقدامات کیے گئے اور اراضی تحویل میں لے کر باقاعدہ طور پر اصل مالک کے حوالے کی گئی۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کا واضح پیغام ہے کہ صوبے بھر میں قبضہ مافیا اور لینڈ گریبروں کے لیے کوئی گنجائش نہیں، اور عوام کی جائز ملکیت کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اراضی کی واگزاری کے بعد سید اظہر علی رضوی نے وزیراعلیٰ پنجاب، ڈپٹی کمشنر بہاولپور اور اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کئی دہائیوں بعد انصاف ملا ہے۔ علاقے کے مکینوں اور شہری حلقوں نے بھی ضلعی انتظامیہ کی کارروائی کو سراہتے ہوئے اسے قانون کی بالادستی اور عوامی حقوق کے تحفظ کی روشن مثال قرار دیا۔

Shares: