اوچ شریف (باغی ٹی وی ، نامہ نگار حبیب خان) احمد پور شرقیہ کی سبزی و فروٹ منڈی میں پرائس کنٹرول کا مکمل فقدان، آڑھتیوں نے من مانی نرخ مقرر کرنا شروع کر دیے، جس سے مہنگائی کا طوفان عوام کے لیے ناقابلِ برداشت ہوتا جا رہا ہے۔ شہریوں نے شکایت کی ہے کہ انتظامیہ اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی عدم موجودگی کے باعث روزمرہ سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں، جبکہ معیار بھی شدید متاثر ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق منڈی میں سرکاری نرخ نامے صرف کاغذی کارروائی تک محدود ہو چکے ہیں، اور آڑھتی 20 سے 30 فیصد زائد نرخ وصول کر کے صارفین کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔ مختلف اقسام کی اشیاء کو مصنوعی طور پر "اعلیٰ” اور "ادنیٰ” درجہ دے کر نرخوں میں اضافہ کر دیا جاتا ہے۔ منڈی میں روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی بولیوں میں انتظامیہ کی غیر موجودگی نے آڑھتیوں کو مکمل آزادی دے رکھی ہے۔
شہریوں نے باغی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی مہنگائی کی خبریں میڈیا پر آتی ہیں، متعلقہ افسران چند دنوں کے لیے متحرک ہوتے ہیں لیکن جلد ہی سارا عمل پھر پرانی ڈگر پر آ جاتا ہے۔ ایسی عارضی کارروائیاں عوام کو مستقل ریلیف فراہم کرنے میں ناکام رہی ہیں۔
سماجی اور فلاحی تنظیموں کے نمائندوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، کمشنر بہاولپور اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے اپیل کی ہے کہ احمدپور شرقیہ کی سبزی و فروٹ منڈیوں میں روزانہ کی بنیاد پر مجسٹریٹس اور دیگر ذمہ دار افسران کی حاضری یقینی بنائی جائے تاکہ قیمتوں پر کنٹرول قائم کیا جا سکے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر ایماندار اور بااختیار افسران بولی کے عمل کو خود مانیٹر کریں تو نرخوں میں استحکام ممکن ہے۔
شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ اگر موجودہ حالات پر قابو نہ پایا گیا تو غریب طبقے کے لیے سستی سبزی اور پھل کا حصول خواب بن کر رہ جائے گا، جس سے معاشرتی بے چینی اور عوامی غصہ بڑھ سکتا ہے۔