اوچ شریف، باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)میونسپل کمیٹی کی غفلت، شہر گندگی کے ڈھیروں میں تبدیل

تفصیل کے مطابق اوچ شریف میونسپل کمیٹی کے "باکمال” اور "ایماندار” چیف آفیسر کی غفلت کے باعث شہر میں صفائی کی صورتحال دن بدن ابتر ہوتی جا رہی ہے۔ عالمی شہرت یافتہ مزار حضرت جلال الدین سرخ پوش رحمۃ اللہ علیہ اور گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول کے اطراف میں گندگی کے ڈھیر لگ چکے ہیں، جس کی وجہ سے شہریوں، زائرین اور طلباء کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے۔

شہر کے مختلف علاقوں میں کوڑے کرکٹ کے ڈھیر اور گندا پانی جمع ہونے سے تعفن پھیل رہا ہے، جس سے نہ صرف روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی ہے بلکہ صحت کے سنگین مسائل بھی جنم لے رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے پنجاب کو صاف ستھرا بنانے کے لیے شروع کیے گئے "چمکیں گے گاؤں” پروگرام کا اوچ شریف میں کوئی اثر نظر نہیں آ رہا۔ شہر کے گلی محلوں، چوراہوں اور مزارات کے اطراف میں صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث پورا علاقہ فلتھ ڈپو میں تبدیل ہو چکا ہے۔

گلیوں اور چوراہوں میں سینٹری ورکرز نے کوڑے کے ڈھیر لگا کر اپنی ذمہ داریوں سے چھٹکارا حاصل کر لیا ہے، جس کے نتیجے میں مچھر اور دیگر حشرات الارض کی افزائش ہو رہی ہے۔ یہ صورتحال ڈینگی اور دیگر مہلک امراض کے پھیلاؤ کا باعث بن سکتی ہے۔

طلباء، اساتذہ اور شہری روزمرہ کاموں کے دوران بدبو اور گندگی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ اسکول جانے والے طلباء اور زائرین کے لیے یہ صورتحال ناقابل برداشت ہو چکی ہے۔

شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اوچ شریف میں صفائی کے انتظامات کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے۔ میونسپل کمیٹی کے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ شہر کی حالت سدھاری جا سکے۔

Shares: