اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) احمد پور شرقیہ میں معمولی تلخ کلامی پر جان لیوا جھگڑا خونریزی میں بدل گیا، تھانہ ڈیرہ نواب صاحب کی حدود میں مخالفین کی فائرنگ سے چچا اور بھتیجا موقع پر جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب معمولی بات پر دونوں فریقین میں تلخ کلامی شروع ہوئی جو شدت اختیار کر گئی۔ اسی دوران مخالفین نے اسلحہ نکال کر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں چچا اور بھتیجا موقع پر دم توڑ گئے جبکہ دو راہگیر گولی لگنے سے زخمی ہو گئے۔
اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی، شواہد اکٹھے کیے اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم جبکہ زخمیوں کو علاج کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارنے شروع کر دیے ہیں۔ واقعے نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے جبکہ مقتولین کے لواحقین نے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔
Shares:







