اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) سب تحصیل اوچ شریف کا اکلوتا ڈاک خانہ عملے کی کمی کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہے، جس کے نتیجے میں ڈاک کی ترسیل کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔ پوسٹ ماسٹر شہریوں کو فون کر کے انہیں ڈاک وصول کرنے کی اطلاع دیتے ہیں، کیونکہ پوسٹ مین نہ ہونے کی وجہ سے ڈاک کی تقسیم میں تاخیر ہو رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، 45 سے زائد مواضعات پر مشتمل سب تحصیل اوچ شریف میں محکمہ ڈاک کی جانب سے عملے کی کمی کے باعث ڈاک خانہ کا دفتری نظام متاثر ہو رہا ہے۔ 25 برس قبل جب شہر کی آبادی چند ہزار افراد پر مشتمل تھی، یہاں پر چار ڈاکیے تعینات تھے، لیکن اب شہر کی آبادی کئی گنا بڑھ جانے کے باوجود محکمہ ڈاک نے عملے میں اضافہ کرنے کی بجائے کمی کر دی ہے۔
پوسٹ آفس اوچ شریف کا پوسٹ ماسٹر شہریوں کو خود فون کر کے انہیں ڈاک خانہ آ کر ڈاک وصول کرنے کی اطلاع دیتا ہے، جس کی وجہ سے کئی دنوں تک اہم ڈاک کی ترسیل متاثر ہو جاتی ہے۔ اس صورت حال میں شہریوں نے نجی کوریئر کمپنیوں کا رخ کر لیا ہے۔
عوامی و سماجی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آبادی کے حساب سے پوسٹ آفس اوچ شریف میں عملے کی تعداد بڑھائی جائے اور پوسٹ مین کو بروقت ڈاک کی تقسیم کرنے کی ہدایت دی جائے تاکہ شہری ایک مرتبہ پھر سرکاری ادارے پر اعتماد کر سکیں۔