اوچ شریف(باغی ٹی وی ،نامہ نگار حبیب خان)برصغیر کے روحانی مرکز، اولیائے کرام کے مسکن اور صدیوں پرانے ثقافتی و مذہبی ورثے کے امین شہر اوچ شریف میں مزارات کی مرمت اور تزئین و آرائش کا منصوبہ طویل تاخیر کا شکار ہے، جس پر شہریوں، زائرین اور تاریخ کے تحفظ کے علمبردار حلقوں میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق حضرت جلال الدین کے مزار پر چھت کی مرمت، جدید واش رومز کی تعمیر اور "باب جلال الدین” کے نام سے مرکزی داخلی دروازے کی تیاری کا کام کئی ماہ قبل شروع کیا گیا، تاہم ناقص منصوبہ بندی اور سست رفتاری کے باعث تاحال مکمل نہ ہو سکا۔ منصوبے کا مقصد زائرین کو بارش اور دھوپ سے بچانے کے لیے مضبوط چھت، معیاری واش رومز اور ایک شاندار تاریخی طرز کا گیٹ فراہم کرنا تھا، تاکہ مزار کا روحانی اور ثقافتی حسن بحال ہو سکے۔

تاخیر کے باعث برسات کے دنوں میں چھت سے پانی ٹپکنے، صفائی کے فقدان اور سہولیات کی کمی جیسے مسائل شدت اختیار کر گئے ہیں۔ زائرین کا کہنا ہے کہ یہ صورت حال نہ صرف ان کے لیے مشکلات کا باعث ہے بلکہ شہر کے روحانی تقدس اور سیاحتی کشش کو بھی متاثر کر رہی ہے۔

یاد رہے کہ اوچ شریف کے مزارات صدیوں سے برصغیر کے روحانی اور ثقافتی نقشے پر نمایاں مقام رکھتے ہیں، جہاں ہر سال ملک اور بیرونِ ملک سے ہزاروں عقیدت مند حاضری دیتے ہیں۔ یہ مزارات مقامی معیشت اور ثقافت کی شناخت کا بھی اہم ذریعہ ہیں۔

اس صورتحال پر چیف آف سادات، مخدوم الملک، سجادہ نشین دربار عالیہ حضرت جلال الدین، مخدوم سید زمرد حسین بخاری نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر بہاولپور سے فوری نوٹس لینے اور منصوبہ ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تاخیر زائرین کی مشکلات میں اضافہ اور شہر کے روحانی و ثقافتی ورثے کو نقصان پہنچا رہی ہے، جو کسی صورت قابل قبول نہیں

Shares: