اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) موٹر وے ایم 5 پر پولیس کی خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی میں ایک کروڑ روپے مالیت کی ہائی روف گاڑی اور 20 لاکھ روپے مالیت کی چوری شدہ بیٹریاں برآمد کر لی گئیں۔ کارروائی کے دوران ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر فرار ہو گئے، تاہم ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ڈی ایس پی موٹر وے ایم 5 چوہدری مسرور علی کی قیادت میں ایڈمن آفیسر محمد شفیق اشرف قسرانی اور دیگر آفیسرز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی۔ موٹر وے پولیس نے حکمت عملی کے تحت گھیرا تنگ کیا، جسے دیکھتے ہوئے ملزمان گاڑی چھوڑ کر قریبی کھیتوں میں فرار ہو گئے۔
موٹر وے پولیس نے ایک کروڑ روپے کی ہائی روف گاڑی اور 20 لاکھ روپے مالیت کی 23 چوری شدہ ڈرائی بیٹریوں کو تحویل میں لے کر مقدمہ درج کر دیا۔
اس موقع پر ڈی ایس پی چوہدری مسرور علی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نہ صرف ٹریفک قوانین کے نفاذ اور حادثات کی روک تھام میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، بلکہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھی کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے کہا کہ موٹر وے پر موثر پٹرولنگ کی بدولت سفر محفوظ ہے، اور عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک گاڑی یا شخص کی موجودگی پر فوری طور پر ہیلپ لائن 130 پر اطلاع دیں۔








