اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)احمد پور شرقیہ کے نواحی علاقوں موضع لاڑ، بستی سیری والا اور ضیا نگر واپڈا کے اطراف آوارہ کتوں کی بڑھتی ہوئی یلغار نے ضلعی و بلدیاتی انتظامیہ کی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ رات کی تاریکی میں آوارہ کتوں کے ایک غول نے قیمتی اور نایاب نسل کی بکریوں پر حملہ کرتے ہوئے چھ بکریوں کو ہلاک جبکہ ایک کو شدید زخمی کر دیا۔

متاثرہ شہری جام سیف اللہ لاڑ کے مطابق ہلاک ہونے والی بکریاں نایاب نسل سے تھیں جن کی مجموعی مالیت لاکھوں روپے بنتی ہے۔ یہی مویشی اس کے خاندان کا واحد ذریعہ معاش تھے، جو انتظامیہ کی مبینہ غفلت کے باعث لمحوں میں تباہ ہو گئے۔ متاثرہ شخص کا کہنا ہے کہ آوارہ کتوں کے خلاف متعدد بار شکایات کی گئیں مگر کوئی مؤثر کارروائی نہیں ہوئی۔

علاقہ مکینوں کے مطابق موضع لاڑ، بستی سیری والا، ضیا نگر اور گردونواح میں آوارہ کتوں کا مسئلہ طویل عرصے سے موجود ہے۔ رات کے وقت گھروں سے باہر نکلنا خطرناک ہو چکا ہے جبکہ بچے، خواتین اور بزرگ شدید خوف میں مبتلا ہیں۔ اس سے قبل بھی مویشی آوارہ کتوں کا نشانہ بنتے رہے، مگر مسئلے کے مستقل حل کے لیے کوئی عملی اقدام نہ اٹھایا گیا۔

متاثرہ شہری نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، ڈپٹی کمشنر بہاولپور اور اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لیتے ہوئے مالی نقصان کا ازالہ کیا جائے اور آوارہ کتوں کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر مؤثر کریک ڈاؤن شروع کیا جائے۔

سماجی حلقوں اور علاقہ مکینوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو کسی بڑے انسانی سانحے کا خدشہ ہے، جس کی ذمہ داری متعلقہ ضلعی و بلدیاتی اداروں پر عائد ہوگی۔

Shares: