اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) پرائس کنٹرول مجسٹریٹ عمران حیدر سیال نے ڈینگی کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر سحر پبلک اسکول اور نائٹیڈ اسکول کا اچانک وزٹ کیا۔ وزٹ کے دوران انہیں اسکول میں صفائی کے ناقص انتظامات اور مچھر مار ادویات کی کمی کا سامنا ہوا، جس پر انہوں نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔
عمران حیدر سیال نے کہا کہ "اس قسم کی غفلت سے نہ صرف ڈینگی کے پھیلنے کا خطرہ بڑھ رہا ہے بلکہ طلباء کی صحت بھی متاثر ہو سکتی ہے۔” انہوں نے اسکول انتظامیہ کو صفائی کے انتظامات میں فوری بہتری لانے کی ہدایت کی اور قانونی نوٹس جاری کیا۔ نوٹس میں کہا گیا کہ اگر صفائی کے انتظامات میں فوری بہتری نہ لائی گئی تو اسکول کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے تحصیل بھر کے اسکولوں کے مالکان کو بھی متنبہ کیا کہ اسکولوں میں صفائی کے اصولوں کی سخت پیروی کی جائے تاکہ ڈینگی وائرس کا پھیلاؤ روکا جا سکے اور طلباء کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
عمران حیدر سیال کے اس سخت نوٹس کے بعد اوچ شریف کے دیگر تعلیمی اداروں میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں تاکہ طلباء کی صحت کی حفاظت اور ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔