اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) سب تحصیل کمپلیکس اوچ شریف بدانتظامی اور خستہ حالی کا شکار، بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی نے دفتری عملے اور سائلین کی مشکلات میں اضافہ کر دیا۔ شکستہ حال عمارت میں ریونیو، لینڈ ریکارڈ، اور یونین کونسل کے دفاتر قائم ہیں، جبکہ واٹر سپلائی، سیوریج، اور صفائی کے نظام مکمل طور پر ناکارہ ہو چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سب تحصیل کمپلیکس کی بوسیدہ عمارت میں چھتیں خستہ حالی کا شکار ہیں اور رہائشی کوارٹرز بھوت بنگلے کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ کمپلیکس کی چار دیواری غائب ہونے کی وجہ سے قریبی مکینوں نے راستے بنا لیے ہیں اور جانور باندھ رکھے ہیں۔
سیوریج سسٹم کی تباہی اور صفائی کی خراب صورتحال نے دفاتر کے اردگرد گندگی کے ڈھیر لگا دیے ہیں۔ اس کے علاوہ، نئی تعمیر شدہ دو رویہ سڑک کی سطح سب تحصیل کمپلیکس سے پانچ فٹ اونچی ہو چکی ہے، جس کے باعث بارش کا پانی دفاتر کے اردگرد جمع ہو کر تالاب کا منظر پیش کرتا ہے۔
واٹر سپلائی کی ٹینکی اور پائپ زنگ آلود ہو چکے ہیں جبکہ ڈسپوزل یونٹ کی ناکامی نے مسائل کو مزید گھمبیر بنا دیا ہے۔ مقامی افراد اور دفتری عملے نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور مسائل کے حل کے لیے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔