اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے قانونی اور سماجی حلقوں نے ملک کو درپیش چیلنجز اور دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی فوج اور سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہو۔
معروف قانون دان ملک طاہر منظور ایڈووکیٹ اور صدر اوچ سول سوسائٹی عمر خورشید سہمن نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ قومیں مشکل وقت میں بنتی ہیں، بکھرتی نہیں! اگر دشمن ہم پر حملہ کرے تو بحیثیت قوم ہمیں اپنی سکیورٹی فورسز کی مکمل حمایت کرنی چاہیے، نہ کہ ان پر تنقید کر کے دشمن کے عزائم کو تقویت دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی ملک ایسا نہیں جو اپنی افواج کی حوصلہ شکنی کر کے مضبوط ہوا ہو۔ ترقی یافتہ ممالک میں جب کوئی بحران آتا ہے تو وہاں کی قومیں اور ادارے متحد ہو کر دشمن کے خلاف کھڑے ہو جاتے ہیں۔ اگر ہماری سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف جنگ نہ لڑیں تو کیا ہم خود جا کر ان سے لڑیں گے؟ مزید انہیں کہنا تھا کہ یہ وقت سیاسی یا نظریاتی اختلافات کا نہیں بلکہ اتحاد کا ہے۔
ملک دشمن عناصر ہر ممکن طریقے سے پاکستان کو کمزور کرنے کی کوشش میں ہیں۔ اگر ہم اپنی ہی سکیورٹی فورسز کو کمزور کریں گے تو دشمن مزید طاقتور ہوگا۔ ہمیں ہر حال میں اپنے ان سپاہیوں اور افسران کو یقین دلانا ہوگا کہ پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ جنگ صرف فورسز کی نہیں بلکہ پوری قوم کی ہے۔ ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام اداروں اور عوام کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ دشمن ہمیشہ کمزور اور منتشر قوموں پر حملہ آور ہوتا ہے لیکن اگر ہم متحد ہو جائیں تو کوئی بھی ہمیں شکست نہیں دے سکتا۔
ملک طاہر منظور ایڈووکیٹ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی قسم کی مایوسی یا منفی پروپیگنڈے کا شکار نہ ہوں اور اپنی افواج اور سکیورٹی فورسز کا مکمل ساتھ دی، کیونکہ پاکستان کی سلامتی اور بقا اسی میں ہے کہ ہم سب ایک قوم بن کر آگے بڑھیں۔