اوچ شریف: تجاوزات کے خلاف کارروائی، مزاحمت پر مقدمہ درج
![](https://baaghitv.com/wp-content/uploads/2025/02/och-tjawzat-op-1.jpg)
اوچ شریف ،باغی ٹی وی( نامہ نگارحبیب خان) میونسپل کمیٹی اوچ شریف کی تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران شدید مزاحمت پر مقامی افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
گزشتہ روز میونسپل کمیٹی اور ایڈمنسٹریٹر کی زیر نگرانی الشمس چوک سے للو والی پل تک تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا، تاہم مقامی افراد نے سخت مزاحمت کی۔ بلڈنگ میٹریل ہٹانے پر ملک جاوید، ملک پرویز، ملک جمیل، ملک نواز، جام بھورل، سجاد عرف سجی سمیت 10 نامعلوم افراد نے ہاتھا پائی شروع کر دی اور احتجاجاً ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر دیا، جس سے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان اس سے قبل بھی مختلف مواقع پر تجاوزات کے حق میں دباؤ ڈالنے اور دھمکیاں دینے میں ملوث رہے ہیں۔ انفورسمنٹ انسپکٹر (بلڈنگ) سجاد ابراہیم کی رپورٹ پر پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
نامزد افراد کے خلاف تھانہ اوچ شریف میں دفعہ 341 (راستہ بلاک کرنا)، 435 (آگ لگانا)، 506 (دھمکیاں دینا)، 186 (کارِ سرکار میں مداخلت) اور 148/149 (غنڈہ گردی) کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے معاملے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔