اوچ شریف ،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا ٹینکی گراؤنڈ پارک تکمیل کے فوراً بعد ہی مسائل کا شکار ہو گیا ہے۔ جوگنگ ٹریک جگہ جگہ سے ٹوٹ چکا ہے، فوارہ چالو نہیں کیا گیا، اور پارک کے مختلف حصوں میں گندگی کے انبار لگے ہوئے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کمیٹی کی عدم دلچسپی کی وجہ سے پارک کے حالات دگرگوں ہو چکے ہیں۔ گراسی پلاٹ میں گھاس کے جھنڈ بن گئے ہیں اور سانپ بچھو جیسے موذی حشرات کی بھرمار ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ، پارک سے ملحقہ رہائشی کوارٹرز میں مکینوں نے گدھے باندھ دیے ہیں جس سے گندگی کے ڈھیر اور تعفن نے پارک کے ماحول کو مزید خراب کر دیا ہے۔

شہریوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ شام ہوتے ہی پارک میں نشئی افراد جمع ہو جاتے ہیں اور سرعام منشیات استعمال کرتے ہیں، جس سے پارک کا ماحول مزید بگڑ گیا ہے۔ پارک میں لگایا گیا فلٹریشن پلانٹ آلودہ ہو چکا ہے، ٹونٹیاں ناکارہ ہیں، اور بلب بھی غائب ہیں۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاول پور سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر اس پارک کی حالت درست کرائیں تاکہ شہریوں کو ایک محفوظ اور خوشگوار ماحول میں تفریح کا موقع مل سکے۔

Shares: