اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف میں کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا ٹینکی گراؤنڈ پارک شہریوں کے لیے سہولت کے بجائے اذیت کا باعث بن گیا ہے۔ نامکمل سہولیات، تباہ حال انفراسٹرکچر، گندگی کے ڈھیر، اور نشئی افراد کی آزادانہ موجودگی نے اسے عوام کے لیے وبالِ جان بنا دیا ہے۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق سے فوری نوٹس لینے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ٹینکی گراؤنڈ پارک کی حالت انتہائی ابتر ہو چکی ہے۔ جوگنگ ٹریک چند ماہ میں ہی جگہ جگہ سے ٹوٹ گیا ہے۔ بچوں کے جھولے خستہ حال ہو کر خطرناک بن چکے ہیں۔ داخلی راستے پر نصب فوارہ کبھی چالو نہ ہوا اور اب مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ واٹر فلٹریشن پلانٹ بھی ناکارہ ہے، اور ٹونٹیاں ٹوٹ کر غیر فعال ہیں۔

شہریوں نے شکایت کی ہے کہ رات ہوتے ہی پارک میں منشیات کے عادی افراد کا ڈیرہ لگ جاتا ہے، جو سرعام نشہ آور اشیاء استعمال کرتے ہیں۔ اس غیر محفوظ ماحول کی وجہ سے فیملیز اور بچے پارک آنے سے کتراتے ہیں۔ پارک سے ملحقہ رہائشیوں نے اسے جانوروں کے باڑے میں تبدیل کر دیا ہے، جہاں بھینسیں اور گدھے بندھے رہتے ہیں، جس سے بدبو اور گندگی نے پارک کی فضا کو آلودہ کر دیا ہے۔

گراسی پلاٹس میں خودرو جھاڑیاں اور گھاس اگنے سے سانپ، بچھو، اور دیگر موذی حشرات کی بھرمار ہو گئی ہے۔ جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر لگے ہیں، اور پارک میں نصب بلب غائب ہیں، جس کی وجہ سے رات کے وقت مکمل تاریکی چھا جاتی ہے۔ میونسپل کمیٹی کی عدم دلچسپی نے پارک کی حالت کو روز بروز بدتر کر دیا ہے۔

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے مطالبہ کیا ہے کہ پارک کی تزئین و آرائش، صفائی، سیکیورٹی، اور سہولیات کی بحالی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ وہ ناقص تعمیرات کے ذمہ دار ٹھیکیداروں اور افسران کے خلاف سخت کارروائی کا بھی مطالبہ کر رہے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ کروڑوں روپے کے عوامی وسائل کا ضیاع ناقابل برداشت ہے، اور حکام کو اسے ترجیحی بنیادوں پر درست کرنا ہوگا۔

Shares: