اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)احمد پور شرقیہ میں ڈینگی کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایمرجنسی رسپانس کمیٹی (TERC) کا ایک اہم اجلاس اسسٹنٹ کمشنر نوید حیدر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ صحت، بلدیاتی ادارے، تعلیمی شعبے اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈینگی انسپکٹر نوید حیدر سیال نے ڈینگی سے بچاؤ کی موجودہ مہم پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اسسٹنٹ کمشنر نوید حیدر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی ایک سنگین عوامی صحت کا چیلنج ہے، جس سے نمٹنے کے لیے تمام محکموں کے اشتراک اور عوامی شمولیت کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صرف حکومتی کوششیں کافی نہیں بلکہ شہریوں کی فعال شراکت سے ہی کامیابی ممکن ہے۔

اجلاس میں متعدد اہم فیصلے کیے گئے، جن میں شہری و دیہی علاقوں میں صفائی مہم کو تیز کرنے، پانی کے ذخائر پر کڑی نگرانی، لاروا کش اسپرے کو مزید وسعت دینے، تعلیمی اداروں میں طلبہ کے لیے آگاہی سیشنز کے انعقاد، اور مساجد، سماجی تنظیموں و مقامی رہنماؤں کو مہم کا حصہ بنانے جیسے اقدامات شامل ہیں۔

فوکل پرسن نوید سیال نے بتایا کہ محکمہ صحت کی ٹیمیں فیلڈ میں مسلسل سرگرم عمل ہیں، جدید ڈیجیٹل رپورٹنگ سسٹم کے ذریعے مشتبہ مقامات کی نشاندہی اور بروقت کارروائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق حالیہ دنوں میں کیسز کی شرح میں کمی آئی ہے، مگر خطرہ ابھی مکمل ختم نہیں ہوا۔

اسسٹنٹ کمشنر نے اجلاس کے اختتام پر شہریوں سے اپیل کی کہ وہ گھروں، گلیوں اور بازاروں میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں، پانی کھڑا نہ ہونے دیں اور کسی بھی مشتبہ صورت میں فوری انتظامیہ سے رابطہ کریں۔ انہوں نے کہا، "ڈینگی کے خلاف جنگ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اور صرف اجتماعی کوششوں سے ہی ہم اس خطرے پر قابو پا سکتے ہیں۔”

یہ اجلاس بین المحکماتی ہم آہنگی اور عوامی شعور کی بیداری کے ذریعے ڈینگی کے مکمل خاتمے کی طرف ایک عملی قدم تصور کیا جا رہا ہے۔

Shares: