اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب) ڈیرہ نواب صاحب میں واقع مرکزی عید گاہ اور جنازہ گاہ سیوریج کے گندے پانی اور کوڑا کرکٹ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئی، لیکن انتظامیہ کی بے حسی برقرار ہے۔
نواب سر صادق محمد خان عباسی مرحوم کے آبائی علاقے صادق گڑھ پیلس روڈ پر واقع اس مقام پر اہل علاقہ عید نماز اور جنازے کی ادائیگی کرتے ہیں، مگر سیوریج لائن بند ہونے کے بعد اہل محلہ نے گندہ پانی عیدگاہ میں چھوڑ دیا، جس سے بدبو اور تعفن پھیل گیا ہے۔
علاوہ ازیں، صفائی نہ ہونے کے باعث جگہ جگہ کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگ چکے ہیں جبکہ لوگوں نے مین گیٹ بند ہونے کے سبب دیواریں توڑ کر غیر قانونی راستے بھی بنا لیے ہیں۔
ویسٹ مینجمنٹ اور میونسپل کمیٹی کے ذمہ داران خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی، اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ اور چیف آفیسر میونسپل کمیٹی نے کبھی اس جانب توجہ دینا گوارا نہیں کیا۔
ڈیرہ نواب صاحب کے رہائشی اور سماجی شخصیت قاضی محمد افضل ایڈووکیٹ ہائی کورٹ نے کمشنر بہاولپور ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔