اوچ شریف ،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) ککس موڑ پر موت کا رقص جاری، آئے روز حادثات، انتظامیہ تماشائی
تفصیل کے مطابق اوچ شریف کے نواح میں واقع ککس موڑجہاں ہر روز موت گھات لگائے بیٹھی ہے، جہاں روزانہ کوئی نہ کوئی قیمتی جان حادثے کی نذر ہو جاتی ہے مگر انتظامیہ کی آنکھیں بند اور ضمیر سو رہا ہے۔
تازہ ترین واقعے میں 50 سالہ محمد اقبال ولد حاجی احمد جو ہتھیجی کے رہائشی تھے، ایک خوفناک حادثے کا شکار ہو گئے۔ تیز رفتار ٹرالی اور ٹریلر کے خوفناک تصادم کے باعث وہ شدید زخمی ہوئے۔ ریسکیو ٹیمیں فوراً موقع پر پہنچیں مگر سر پر شدید چوٹ لگنے کی وجہ سے محمد اقبال ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ گئے۔
یہ پہلا سانحہ یا حادثہ نہیں ہے کہ بلکہ ککس موڑ پر ہونے والے حادثات کی ایک نہ ختم ہونے والی فہرست ہے، جہاں اب تک درجنوں افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ ہر حادثے کے ساتھ کسی کا سہاگ اجڑ جاتا ہے، کسی ماں کی گود خالی ہو جاتی ہے اور کئی بچے یتیم ہو جاتے ہیں مگر متعلقہ ادارے خوابِ غفلت میں ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ یہ حادثات انتظامیہ کی بے حسی اور لاپرواہی کا نتیجہ ہیں۔ اگر یہاں مناسب ٹریفک سائنز، اسپیڈ بریکر اور دیگر حفاظتی اقدامات کیے جاتے تو کئی قیمتی جانیں ضائع ہونے سے بچ سکتی تھیں۔
شہریوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے پُرزور مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر حفاظتی اقدامات کیے جائیں، بصورتِ دیگر عوام احتجاج پر مجبور ہوگی۔
شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو مزید قیمتی جانیں ضائع ہو سکتی ہیں۔ کیا انتظامیہ مزید گھروں کے چراغ گل ہونے کے بعد جاگے گی؟ یا پھر عوام کو خود سڑکوں پر نکل کر اپنے حقوق کے لیے لڑنا ہوگا؟
حکام کو ہوش کے ناخن لینے ہوں گے، ورنہ عوامی غصہ ایک شدید احتجاج میں تبدیل ہو سکتا ہے!








