اوچ شریف، باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)سردی بڑھتے ہی فش مافیا نے مچھلی کی قیمت آسمان پر پہنچا دی

موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی اوچ شریف اور گردونواح میں مچھلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ فش مافیا نے دیسی مچھلی کے نام پر فارمی مچھلی مہنگے داموں فروخت کرنا شروع کر دی ہے جبکہ مضر صحت استعمال شدہ آئل میں پکانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مچھلی کے نرخ ہزار روپے فی کلو تک پہنچ گئے ہیں، جس نے غریب اور متوسط طبقے کے لیے اس لذیذ خوراک کو ناقابل رسائی بنا دیا ہے۔ مقامی ہوٹلوں اور تلی ہوئی مچھلی کے اسٹالز پر قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جبکہ متعلقہ ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

پرائس کنٹرول مجسٹریٹ مہر عمران سیال کا کہنا ہے کہ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر زیرو ٹالرینس پالیسی ہے، عوام ایسے عناصر کی نشاندہی کریں تاکہ فوری کارروائی کی جا سکے۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فش مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور مچھلی کی قیمتوں کو کنٹرول میں لایا جائے تاکہ عام عوام بھی سردیوں میں مچھلی کا لطف اٹھا سکیں۔

Shares: