اوچ شریف ،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) ناصر ٹاؤن میں سیوریج سسٹم کی تنصیب کے کئی سال گزرنے کے باوجود گلیاں بدحالی کا شکار ہیں۔ گٹر کے کھلے ہول اب تک مٹی سے نہ بھرے جا سکے، نہ ہی ٹف ٹائلز لگائی گئیں، جس کے باعث گلیوں میں کیچڑ اور گندے پانی کے جوہڑ بن چکے ہیں۔
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ منتخب نمائندے ہر بار صرف وعدے کرکے ووٹ حاصل کرتے ہیں، لیکن عملی اقدامات ندارد۔ یہ گلی نہ صرف مختلف محلوں کو جوڑتی ہے بلکہ 900 سالہ قدیم مزار حضرت بابا جمال الدین خندہ رہ المعروف بابا جمال درویش تک جاتی ہے، جہاں زائرین اور مقامی افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
علاقہ مکین کئی بار احتجاج کر چکے ہیں، جس کے بعد چند بار صرف عارضی اقدامات کے تحت گندا پانی نکال کر تسلی دی گئی، لیکن مستقل حل کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ انتظامیہ نے نہ سیوریج لائن کی مرمت کی اور نہ ہی گلی کے بنیادی مسائل حل کرنے کے لیے کوئی عملی اقدامات اٹھائے۔
اہلِ علاقہ منتخب نمائندوں، انتظامیہ اور حکومتِ پنجاب سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر سیوریج سسٹم کے کھلے ہول بند کریں اور گلی میں تعمیراتی کام مکمل کرائیں تاکہ عوام کو روزانہ درپیش مشکلات سے نجات مل سکے۔