اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) تھانہ چنی گوٹھ پولیس کی زیرِ حراست مقدمے کے نامزد ملزم نصار کلیم کے فرار ہونے پر پولیس کے اندر ہلچل مچ گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق نصار کلیم کو علاقہ مجسٹریٹ کی جانب سے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کے احکامات تھے، مگر پولیس اسے دوبارہ تھانے لے آئی جہاں سے وہ موقع پا کر فرار ہو گیا۔

واقعے کے بعد ڈی پی او بہاولپور نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او اسلم بلوچ، سب انسپکٹر ابرار مجید اور محرر اسد حنیف کو معطل کر دیا۔ تینوں اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی شفاف انکوائری کی جائے گی اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کو سخت محکمانہ کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

دریں اثناء نئے ایس ایچ او کی فوری تعیناتی کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔ پولیس نے فرار ہونے والے ملزم کی تلاش کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور ملزم کی جلد گرفتاری کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔

Shares: