اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف میں سرکاری جنگلات کی لوٹ مار کا انکشاف ہوا ہے۔ ہیڈ پنجند سے نکلنے والی عباسیہ کینال پر قیمتی درختوں کی غیر قانونی کٹائی جاری ہے، جس میں بلاک آفیسر کی مبینہ ملی بھگت کا الزام لگایا جا رہا ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین لکڑی چوروں کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ چھ ٹریکٹر ٹرالیوں پر لکڑی لوڈ کر کے چور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

تھانہ صدر علی پور کے ایس ایچ او حسنین اسلم نے پولیس نفری کے ہمراہ رات گئے نہر کنارے چھاپہ مارا، جہاں بڑی تعداد میں شیشم اور دیگر قیمتی درخت کٹے ہوئے تھے۔ پولیس کو دیکھ کر ملزمان فرار ہو گئے، تاہم تین ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان سے ڈھائی لاکھ روپے سے زائد مالیت کی چوری شدہ لکڑی، ایک لوڈر رکشہ اور آرا مشین برآمد ہوئی۔

ملزمان نے دوران تفتیش اپنے دیگر ساتھیوں کے نام بھی اگل دیے۔ پولیس کے مطابق، بلاک آفیسر روزانہ کی بنیاد پر رات کے وقت لکڑی چوروں سے سرکاری درختوں کی غیر قانونی کٹائی کرواتا ہے۔ پولیس نے محکمہ نہر کو اطلاع دی، لیکن بلاک آفیسر سمیت دیگر افسران نے کارروائی سے انکار کر دیا۔

پولیس تھانہ صدر علی پور نے چوری شدہ لکڑی، آرا مشینیں، کلہاڑے اور رکشہ قبضے میں لے کر مقدمہ درج کر لیا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری درختوں کی کٹائی میں ملوث افراد اور ان کے سرپرستوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

Shares: