اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) احمد پور شرقیہ کے نواحی علاقے مہراب والا میں ہفتے کے روز ایک افسوسناک آتشزدگی کے واقعے میں دو ایکڑ پر محیط گندم کا ذخیرہ مکمل طور پر جل گیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق آگ اچانک لگی اور تیزی سے پورے ذخیرے میں پھیل گئی۔

اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی فائر بریگیڈ کی ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچی اور اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی گھنٹوں کی مسلسل کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ اگرچہ اس آتشزدگی کے نتیجے میں کسان کی قیمتی فصل کا بڑا حصہ ضائع ہو گیا، تاہم یہ اطمینان بخش بات ہے کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

ریسکیو حکام کے مطابق آگ لگنے کی اصل وجوہات ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہیں اور اس سلسلے میں ابتدائی تحقیقات جاری ہیں۔ آگ کی شدت کے باوجود ریسکیو ٹیم کی بروقت اور موثر کارروائی کے باعث قریبی کھڑی دیگر فصلوں کو محفوظ بنا لیا گیا۔

مقامی کسانوں اور زمینداروں نے ریسکیو ٹیموں کے فوری ردعمل اور شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔

Shares: