اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) چوہے مار دوا لگی روٹی کھانے سے دو معصوم بچے جاں بحق، ایک بچہ اسپتال میں زیر علاج
اوچ شریف کے نواحی علاقے دولت پور کی بستی سنجرانی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں چوہے مار دوا لگی روٹی کھانے سے دو معصوم بچے جان کی بازی ہار گئے، جبکہ ایک بچہ ضلعی اسپتال میں زیر علاج ہے۔
ذرائع کے مطابق گھر میں چوہے مارنے کے لیے زہریلی دوا ملی روٹی رکھی گئی تھی، جسے لاعلمی میں بچوں نے کھا لیا۔ اسکول سے واپسی پر بھوک کے باعث بچوں نے وہی روٹی کھائی، جس کے بعد ان کی حالت بگڑ گئی۔
بچوں کو تشویشناک حالت میں فوری طور پر ضلعی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم معیز اور مانس جانبر نہ ہو سکے، جبکہ تیسرے بچے وسیم کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
یہ اندوہناک حادثہ اہلِ خانہ کے لیے گہرے صدمے کا باعث بن گیا ہے۔ اہل علاقہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام میں زہریلی اشیاء کے محفوظ استعمال سے متعلق آگاہی فراہم کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔