اوچ شریف(باغی ٹی وی نامہ نگارحبیب خان )مخدومزادہ سید عمر رضا گیلانی نے کہا ہے کہ چاہے وہ اقتدار میں ہوں یا نہ ہوں، وہ عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کی نماز کے بعد شمس محل میں مقامی صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران کیا۔
مخدومزادہ سید عمر رضا گیلانی نے کہا کہ وہ اپنے ووٹروں، سپورٹروں اور حلقے کی عوام کو کبھی اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حلقے کی تمام برادریاں ان کے لیے قابل احترام ہیں، لیکن بڈانی، بلوچ اور رڈ برادری ان کے گھر کی طرح ہیں۔
انہوں نے موجودہ ملکی حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری عروج پر ہے اور لوگ بھوکے مر رہے ہیں۔ بجلی کے بھاری بلوں نے عوام کی زندگی مشکل بنا دی ہے، اور ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے حالیہ بارشوں میں کڑکنے والی بجلی کی وصولی بھی پاکستانی صارفین سے شروع کر دی گئی ہے۔
مخدومزادہ سید عمر رضا گیلانی نے حکمرانوں سے اپیل کی کہ وہ عوام پر ترس کھائیں اور انہیں بجلی کے بھاری بلوں سے نجات دلائیں۔ انہوں نے ملک کے تمام مسائل کے حل کے لیے ایک جامع معاشی ایجنڈا تیار کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔








