اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف میں محکمہ لائیو اسٹاک اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے غیر معیاری اور بغیر ویٹرنری مہر والا گوشت فروخت کرنے والے ایک قصاب کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے تقریباً 30 کلوگرام مضر صحت گوشت برآمد ہوا، جس پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، سبزی منڈی اوچ شریف کے قریب گوشت کی دکان چلانے والے محمد راشد ولد غلام قاسم کے پاس سے ایسا گوشت برآمد ہوا جس پر کسی قسم کی تصدیقی ویٹرنری مہر موجود نہیں تھی۔ ابتدائی معائنے میں گوشت کا معیار انتہائی ناقص قرار دیا گیا ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی محکمہ لائیو اسٹاک کے انچارج ڈاکٹر محمد اعجاز اپنی ٹیم کے ساتھ فوری طور پر موقع پر پہنچے اور گوشت کو اپنی تحویل میں لے لیا۔ اسی دوران تھانہ اوچ شریف پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد راشد کو گرفتار کر کے اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔ برآمد شدہ گوشت کو مزید تصدیق کے لیے لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے۔

عوامی حلقوں نے اس فوری کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں کی صحت سے کھیلنے والے ایسے عناصر کے خلاف سخت ترین اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ انہیں قرار واقعی سزا دی جا سکے۔

Shares: