اوچ شریف ،باغی ٹی وی( نامہ نگار حبیب خان): سردیوں میں گیس کی قلت شہریوں کے لیے اذیت ناک بن گئی۔ سوئی گیس کا پریشر کم ہونے اور کمپریسر مشینوں کے دھڑلے سے استعمال نے گھریلو صارفین کو مشکلات میں ڈال دیا ہے۔ کئی علاقوں میں گیس غائب ہے، جس کی وجہ سے شہری لکڑیاں جلا کر کھانا پکانے پر مجبور ہو گئے ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس کے بل تو بڑھا دیے گئے ہیں، لیکن گیس مہیا نہیں۔ محلہ بخاری، جگ پورہ، شمیم آباد، نواز آباد کالونی اور دیگر علاقوں میں صبح و شام گیس نہ ہونے کے باعث خواتین کھانا پکانے کے لیے پریشان ہیں۔ اسکول جانے والے بچے ناشتے کے بغیر روانہ ہو رہے ہیں، جبکہ گھریلو کاموں میں بھی خلل پڑ رہا ہے۔

بااثر افراد کے گھروں میں کمپریسرز کے باعث گیس کا پریشر مزید کم ہو جاتا ہے، اور عام شہری مہنگی لکڑیاں خریدنے پر مجبور ہیں۔ عوام نے حکام سے فوری نوٹس لینے، گیس پریشر میں بہتری، اور کمپریسرز کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ سب کو برابر سہولت مل سکے۔

Shares: