اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگارحبیب خان) محکمہ لائیو اسٹاک کی غفلت، ویٹرنری ڈسپنسریاں خستہ حال، مویشی پال پریشان
تفصیل کے مطابق اوچ شریف وگردو نواح میں جانوروں کے علاج کے لئے قائم ہسپتالوں کی حالت انتہائی خراب ہے۔ محکمہ لائیو اسٹاک کی طرف سے اس اہم مسئلے پر کوئی سنجیدہ توجہ نہ دینے کی وجہ سے یہ ہسپتال بنیادی خدمات فراہم کرنے میں بھی ناکام ہیں۔
زیادہ تر ویٹرنری ہسپتالوں میں بنیادی سہولیات کی کمی ہے، جیسے کہ دوائیں، تشخیصی آلات اور عملہ۔ حیدر پور، چناب رسول پور اور دیگر علاقوں کے ویٹرنری ہسپتالوں کی عمارتیں خستہ حال ہیں اور وہاں بنیادی ضروریات فراہم نہیں کی جا رہی۔ مویشی پالوں کو اپنے جانوروں کا علاج کرنے کے لئے نان پروفیشنل افراد پر انحصار کرنا پڑ رہا ہے جو کہ جانوروں کی صحت کے لئے انتہائی خطرناک ثابت ہو رہا ہے۔ غیر پیشہ ور افراد کے غلط علاج کی وجہ سے کئی قیمتی جانور ہلاک ہوچکے ہیں۔ مویشی پالوں کو اپنے جانوروں کے علاج کے لئے شدید مشکلات کا سامنا ہے اور وہ مناسب سہولتوں کی کمی کی وجہ سے پریشانی میں ہیں۔
اوچ شریف اور اس کے اطراف میں روزانہ سینکڑوں جانور بیمار ہو جاتے ہیں لیکن ہسپتالوں میں ان کے علاج کے لئے مناسب دیکھ بھال کا انتظام نہیں۔ ہسپتالوں میں ویکسین کی کمی اور جانوروں کے علاج کے لئے کسی قسم کی سہولت دستیاب نہیں۔ دیہی علاقوں میں نان پروفیشنل افراد جانوروں کو ٹیکے لگا کر عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔مویشی پال کسانوں نے ارباب اختیار سے درخواست کی ہے کہ وہ فوری طور پر اس مسئلے پر نوٹس لیں اور ہسپتالوں میں ضروری سہولتیں فراہم کریں تاکہ وہ اپنے جانوروں کا مناسب علاج کرا سکیں.