اوچ شریف،باغی ٹی وی(نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف جو کہ اولیائے کرام کے مزارات کی زیارت کے لیے مشہور ہے صفائی کی بدترین حالت کا شکار ہے۔ شہر کے اہم مذہبی مقامات جیسے حضرت جلال الدین سرخ پوش اور حضرت صفی الدین حقانی کے درگاہوں کے قریب سڑکوں پر گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں، جس سے نہ صرف ان مقدس مقامات کی اہمیت متاثر ہو رہی ہے بلکہ شہر میں آنے والے سیاحوں اور گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول کی طالبات کو روزانہ مشکلات کا سامنا ہے۔
میونسپل کمیٹی کی غفلت اور صفائی کی ناقص صورتحال نے شہریوں کی زندگیوں کو متاثر کر دیا ہے۔ حالیہ دنوں میں گندگی کے ڈھیر پھینکنے کی تصاویر میڈیا میں آئیں جو انتظامیہ کی ناکامی کی نشاندہی کرتی ہیں۔ شہر کے مرکزی علاقوں میں صفائی نہ ہونے سے نہ صرف شہریوں کی عزت نفس مجروح ہو رہی ہے بلکہ صحت کے مسائل بھی بڑھ گئے ہیں۔
اس صورتحال نے حکومت پنجاب کے "صاف ستھرا پنجاب” کے دعووں کو بھی سوالیہ نشان بنا دیا ہے۔ شہریوں اور سیاحوں کا کہنا ہے کہ اوچ شریف جیسے مقدس شہر میں آنے والے افراد کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جانا چاہیے تھا مگر گندگی کے ڈھیر کی وجہ سے پریشانی سے دوچار ہونا پڑا۔ ایک طالبہ نے کہا "ہمیں روزانہ سکول جانے کے لیے ان راستوں سے گزرنا پڑتا ہے، جہاں گندگی کی وجہ سے نہ صرف بدبو پھیلی ہوئی ہے بلکہ ہمیں پڑھائی میں بھی دقت سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
شہریوں نے انتظامیہ سے فوری صفائی کے اقدامات کی اپیل کی ہے تاکہ نہ صرف شہر کا تقدس بحال ہو بلکہ زائرین اور طالبات کو پریشانی سے بچایا جا سکے۔ مقامی افراد نے حکومت سے درخواست کی ہے کہ وہ اوچ شریف کی صفائی ستھرائی کے حوالے سے فوری اقدامات کرے تاکہ یہ شہر اپنے حقیقی مقام پر واپس آ سکے۔