اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) شہر میں سموگ کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر میونسپل کمیٹی اوچ شریف نے مرکزی شاہرات پر پانی کا چھڑکاؤ کرکے گرد و غبار کو کم کرنے کے اقدامات جاری رکھے ہیں۔ اس مہم کے تحت روزانہ کی بنیاد پر الشمس چوک، خیر پور ڈاہا روڈ، عباسیہ روڈ اور احمد پور شرقیہ روڈ سمیت دیگر گنجان آباد علاقوں کی سڑکوں کو دھویا جا رہا ہے، تاکہ ہوا میں معلق ذرات کو زمین پر بٹھا کر سموگ کے اثرات کو کم کیا جا سکے۔

میونسپل کمیٹی کی اس مہم کا مقصد شہریوں کی صحت اور ماحول کو بہتر بنانا ہے تاکہ سموگ سے پیدا ہونے والی سانس اور آنکھوں کی بیماریوں سے محفوظ رہا جا سکے۔ چیف آفیسر قاضی محمد نعیم نے کہا کہ میونسپل کمیٹی اوچ شریف کی یہ کاوش نہ صرف سموگ کے خاتمے کے لیے ایک عملی قدم ہے بلکہ عوام کو آگاہ کرنے کا ذریعہ بھی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے صفائی کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے آلودگی کم کرنے میں تعاون کی اپیل کی۔

Shares: