اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان) خاتون پر حملہ، ناک کاٹ دی گئی، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج
تفصیلات کے مطابق اوچ شریف کے علاقے محلہ شمیم آباد میں خاتون پروین بی بی پر تیز دھار آلے سے حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں خاتون کی ناک کاٹ دی گئی اور دیگر حصوں پر بھی شدید زخم آئے۔ خاتون کو زخمی حالت میں فوری طور پر رورل ہیلتھ سنٹر منتقل کیا گیا۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ ملزمان رئیس وحید اور اعجاز وحید کے خلاف درج کر لیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق، رئیس وحید حملے کے بعد فرار ہو چکا ہے، اور اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
SHO تھانہ اوچ شریف نے فوری کارروائی کرتے ہوئے رئیس وحید کے بیٹے رئیس شہزاد کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق، مرکزی ملزم رئیس وحید کی گرفتاری کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ خاتون کا بیان بھی ریکارڈ کر لیا گیا ہے، جس میں اس نے دونوں ملزمان کو شناخت کیا ہے۔









