اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے علاقے موضع طاہر والی میں ایک تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ حادثے میں موٹر سائیکل پر سوار 50 سالہ زہران مائی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں، جبکہ ان کے شوہر 65 سالہ عبدالغفار شدید زخمی ہو گئے۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب مذکورہ جوڑا موٹر سائیکل پر جا رہا تھا کہ اچانک ایک بے قابو ٹرک نے انہیں ٹکر مار دی۔ زہران مائی کو شدید نوعیت کی چوٹیں آئیں، جس کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔ جبکہ عبدالغفار کو دائیں کندھے کی ہڈی میں فریکچر اور دیگر چوٹیں آئیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پٹرولنگ پولیس موقع پر پہنچ گئی، جبکہ زخمی کو ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد رورل ہیلتھ سینٹر (RHC) اوچ شریف منتقل کر دیا گیا۔ زہران مائی کی میت کو لواحقین ریسکیو ٹیم کے پہنچنے سے قبل ہی گھر لے گئے۔
حادثے کے بعد ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس ٹرک کی تلاش اور حادثے کی تفتیش کر رہی ہے۔