اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) محلہ سودھگان میں بااثر گروہ کی جانب سے چادر و چار دیواری کے تقدس کو پامال کرنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں خواتین کو ہراساں کیا گیا، گھر پر دھاوا بولا گیا اور پلاٹ پر ناجائز قبضے کی کوشش کی گئی۔ متاثرہ خاندان اور اہل محلہ نے پولیس کی خاموشی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔
متاثرہ شہری راشد علی ولد محمد سلیم اختر نے میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے 2023 میں قانونی طور پر دو کنال نو مرلہ زمین خریدی تھی، مگر ناصر عباس عون بخاری کے سوتیلے بھائی مزمل عباس اور باشی شاہ نے نہ صرف پلاٹ پر قبضے کی کوشش کی بلکہ ان کے گھر پر حملہ کرکے دیواریں گرانے، خواتین کو گالیاں دینے اور خود ان پر ڈنڈوں سے حملہ کرنے کی بھی کوشش کی، جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے۔
اہل محلہ نے اس واقعے کو امن عامہ کے خلاف کھلی جارحیت قرار دیا ہے۔ مقامی افراد نے پولیس کی خاموشی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر بروقت کارروائی نہ کی گئی تو علاقہ غنڈہ گردی کا گڑھ بن سکتا ہے۔
متاثرہ خاندان نے وزیر اعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس واقعے کا فوری نوٹس لیں، انصاف فراہم کریں اور مقامی پولیس کی خاموشی کا بھی سختی سے نوٹس لیا جائے تاکہ عوام کا اعتماد قانون پر بحال ہو سکے۔