اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) احمد پور شرقیہ اور اس کے نواحی علاقوں میں پیش آنے والے تین مختلف حادثات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے۔
پہلا واقعہ اڈا فیض واہ کے قریب پیش آیا جہاں موٹر رکشہ اچانک ہینڈل جام ہونے سے بے قابو ہو کر الٹ گیا، جس کے نتیجے میں ڈرائیور مہتاب احمد شدید زخمی ہو گیا۔ اسے پیشانی، ہونٹ، بازو، پیٹ اور پاؤں پر چوٹیں آئیں۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد اسے ٹی ایچ کیو ہسپتال احمد پور شرقیہ منتقل کر دیا گیا۔ زخمی کا تعلق امیر عالم کالونی سے ہے۔
دوسرا واقعہ نبی پور، احمد پور روڈ پر پیش آیا، جہاں تیز رفتاری کے باعث موٹر سائیکل موڑ کاٹتے ہوئے سڑک کنارے رکھے لکڑی کے پٹھوں سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں فوزیہ بی بی اور ان کے بیٹے عبدالہادی زخمی ہوئے۔ فوزیہ بی بی کو سر پر شدید چوٹ آئی اور وہ نیم بیہوشی کی حالت میں ہیں جبکہ عبدالہادی کی ٹھوڑی پر گہرا زخم آیا۔ دونوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تیسرا اور افسوسناک واقعہ الحسن ٹاؤن میں گٹر کی صفائی کے دوران پیش آیا، جہاں زہریلی گیس کے باعث مزدور فیاض احمد بے ہوش ہو کر گٹر میں گر گیا۔ ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے نکال کر طبی امداد دی تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ متوفی کی عمر 40 سال اور رہائش محلہ فٹانی میں تھی۔
عوامی حلقوں نے حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات اور حفاظتی انتظامات پر زور دیا ہے۔