اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف کے نواحی علاقے بستی چاکر خان رند میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں 38 سالہ نوجوان محمد اعجاز دل کا دورہ پڑنے کے باعث اچانک وفات پا گیا۔ محمد اعجاز ایک خوش اخلاق، خوش مزاج اور ہر دلعزیز نوجوان تھا، جس کی ناگہانی موت نے پورے علاقے کو افسردہ کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق محمد اعجاز حسبِ معمول صبح کھیتی باڑی کے لیے گھر سے نکلا، مگر کچھ دیر بعد اسے سینے میں شدید درد محسوس ہوا۔ اہل خانہ نے فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کیا، مگر ڈاکٹرز نے تصدیق کی کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ چکا تھا۔ ابتدائی میڈیکل رپورٹ کے مطابق موت کی وجہ ہارٹ اٹیک قرار دی گئی ہے۔

مرحوم کے والدین، بھائی، بہن اور دیگر اہل خانہ گہرے صدمے میں مبتلا ہیں جبکہ پورے علاقے میں سوگ کی فضا ہے۔ محمد اعجاز کی نمازِ جنازہ آج بروز جمعرات صبح 9 بجے بستی چاکر خان رند میں ادا کی گئی، جس میں علاقہ معززین، دوست احباب، عزیز و اقارب اور بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔ مرحوم کو دعاؤں اور آہوں کے ساتھ آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

Shares: