اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) دھوڑ کوٹ پولیس نے پنجاب حکومت کی جانب سے لگائی گئی دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے ایک نوجوان کو دریا میں نہاتے ہوئے گرفتار کر لیا۔

ملزم کی شناخت محمد جمیل ولد شمس الدین، قوم گمب، ساکن موضع بہاولپور گھلواں کے نام سے ہوئی ہے، جو کشتی کے ذریعے دریا کنارے پہنچا اور نہا رہا تھا۔ حکومت پنجاب نے عوامی مقامات، دریاؤں اور نہروں میں نہانے کے ساتھ ساتھ "ون ویلنگ” پر بھی مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے۔ اس پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر ملزم کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 188 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ایس ایچ او تھانہ دھوڑ کوٹ سجاد حسین لغاری نے اس موقع پر کہا کہ عوام کو بارہا دفعہ 144 کے تحت لگائی گئی پابندیوں کی خلاف ورزی کے نتائج سے آگاہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قانون کی پاسداری کریں اور اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو محفوظ بنائیں۔

Shares: