اوچ شریف ،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان)ہزارہ ایکسپریس ٹرین کی ٹکر سے نوجوان جاں بحق

تفصیل کے مطابق یکم مئی 2025 کو رات 10 بج کر 19 منٹ پر ریسکیو 1122 بہاولپور کے کنٹرول روم کو ایک افسوسناک حادثے کی اطلاع موصول ہوئی جس میں ایک ٹرین کی ٹکر سے ایک نوجوان کی موت واقع ہو گئی۔

کنٹرول روم سے موصول ہونے والی معلومات کے مطابق یہ حادثہ مبارک پور کے قریب پُل نمبر 35 کے نزدیک بستی سیالاں میں پیش آیا۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی گاڑی BPA-10 کو فوری طور پر جائے حادثہ کی جانب روانہ کیا گیا جس نے 23 منٹ کے اندر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

ریسکیو عملے نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر بتایا کہ ہزارہ ایکسپریس جو کراچی سے راولپنڈی کی طرف جا رہی تھی جب مبارک پور کے قریب پہنچی تو ایک 17 سالہ نوجوان محمد سمیر ولد امیر بخش جو مبینہ طور پر کانوں میں ہیڈ فون لگائے ہوئے تھا، ٹرین کی آمد سے بے خبر رہا اور ٹرین کی زد میں آ گیا۔ اس المناک حادثے کے نتیجے میں نوجوان موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ ریسکیو عملے نے ضروری کارروائی کے بعد نوجوان کی لاش کو ورثاء کے حوالے کر دیا۔نوجوان کی موت سر پر شدید چوٹ اور دونوں ٹانگوں (ٹیبیا اور فیبولا) کے فریکچر کی وجہ سے ہوئی۔

Shares: