اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے ترنڈ بشارت میں ایک المناک حادثہ پیش آیا، جہاں 18 سالہ محمد نوید بوہڑ بجلی کا کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا۔ اہلِ خانہ اور عینی شاہدین کے مطابق محمد نوید موٹر آن کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اُسے اچانک شدید کرنٹ لگا جس سے وہ موقع پر ہی بے ہوش ہو گیا۔ فوری طور پر مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔
اس اندوہناک واقعے پر پورے علاقے میں کہرام مچ گیا۔ نوجوان کی ناگہانی موت پر اہلِ علاقہ، عزیز و اقارب اور دوست احباب بڑی تعداد میں تعزیت کے لیے اُس کے گھر پہنچے اور غمزدہ خاندان سے اظہارِ ہمدردی کیا۔ محمد نوید کی نمازِ جنازہ ادا کرنے کے بعد اُسے آبائی قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔