اوچ شریف (باغی ٹی وی،نامہ نگارحبیب خان) اوچ شریف شہر اور اس کے گردونواح میں مضر صحت اور کیمیکلز سے تیار شدہ جعلی دودھ کی فروخت کھلے عام جاری ہے۔ شہر میں جگہ جگہ ایسے دودھ سے بنی چائے بھی فروخت کی جا رہی ہے جس سے شہریوں کی صحت شدید متاثر ہو رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملٹی نیشنل کمپنیوں کی اجارہ داری اور منافع خوری کی وجہ سے کیمیکلز ملا کر دودھ تیار کیا جا رہا ہے اور اسے خالص دودھ کے نام پر مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا ہے۔ دودھ میں ہڈیوں کا بورا، یوریا کھاد، سفید رنگ اور بال صفا جیسے مضر صحت کیمیکلز ملائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ اس سے تیار کردہ دودھ کو مٹھائیوں، آئس کریم اور دیگر دودھ کی مصنوعات میں استعمال کیا جا رہا ہے۔

اس زہریلے دودھ کے استعمال سے شہریوں خاص طور پر بچوں میں قوت مدافعت ختم ہو تی جارہی ہے اور وہ مختلف بیماریوں کا شکار ہو رہے ہیں۔ اس کے علاوہ معدے کی خرابی کے ساتھ ساتھ دیگر امراض میں بھی اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

شہریوں نے فوڈ سیفٹی اتھارٹی پر لاپرواہی کا الزام لگاتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فوڈ اتھارٹی صرف فوٹو سیشن تک محدود رہتی ہے اور کوئی عملی اقدام نہیں اٹھاتی۔

Shares: