اوچ شریف (نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف کے نواحی علاقے مامون آباد میں زمین کے تنازع نے خونی رنگ اختیار کر لیا۔ سگے بھائیوں کے درمیان جائیداد کی تقسیم پر ہونے والے جھگڑے میں فائرنگ سے 25 سالہ نوجوان محمد اظہر جان کی بازی ہار گیا۔
تفصیلات کے مطابق منظور عالم، ایاز عالم اور محبوب عالم پر الزام ہے کہ انہوں نے بیرونی افراد کی مدد سے فائرنگ کروا کر اپنے بھتیجے محمد اظہر کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں مقتول شدید زخمی ہوا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ مقتول کے اہل خانہ غم اور غصے کی حالت میں ہیں۔ پولیس نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لیے اور مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔