پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اور سینئر اداکارہ میرا نے برطانوی حکومت سے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اپیل کی ہے کہ اُنہیں برطانیہ کا ویزا جاری کیا جائے تاکہ وہ لندن میں زیرِ علاج اپنی بہن کی عیادت کے لیے جا سکیں۔

اداکارہ میرا نے اپنے ویڈیو پیغام میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے براہ راست اپیل کرتے ہوئے کہا کہ’’میری بہن لندن میں کینسر جیسے موذی مرض سے لڑ رہی ہے۔ میری فیملی اور گھر بھی وہیں ہے، میں برسوں سے ویزے کی وجہ سے لندن نہیں جا سکی۔ میری درخواست ہے کہ براہ کرم میریٹ پر غور کرتے ہوئے مجھے ویزا جاری کیا جائے۔‘‘اداکارہ نے بتایا کہ وہ اپنی بہن سے ملنے کے لیے بے چین ہیں اور اُن کی بیماری کی تمام میڈیکل رپورٹس ویزا درخواست کے ساتھ جمع کروائی جا چکی ہیں۔ میرا کا کہنا تھا کہ یہ ایک انسانی معاملہ ہے، جس پر خصوصی توجہ دی جائے۔

واضح رہے کہ فروری 2025 میں اداکارہ کی والدہ شفقت زہرہ نے میڈیا کو بتایا تھا کہ برطانوی امیگریشن حکام نے ماضی میں میرا کو انگلش زبان سے ناواقفیت کی بنیاد پر برطانیہ میں داخل ہونے سے روک دیا تھا، اور اُن پر 10 سال کی پابندی عائد کر دی گئی تھی، جو اب ختم ہو چکی ہے۔

اداکارہ کی والدہ کا کہنا تھا ’’میرا کو صرف اس لیے روک دیا گیا کیونکہ وہ انگلش میں مناسب طور پر بات نہیں کر سکیں، لیکن اب وہ بہتر انداز میں بولتی ہیں اور ویزے کی سابقہ پابندی کا دورانیہ مکمل ہو چکا ہے۔‘‘

اداکارہ میرا کی اس ویڈیو اپیل کے بعد سوشل میڈیا پر اُن کے مداحوں کی جانب سے بھرپور حمایت دیکھنے میں آ رہی ہے، جن کا کہنا ہے کہ انسانی بنیادوں پر میرا کو اپنی بیمار بہن سے ملنے کا موقع ملنا چاہیے۔

Shares: