لندن: برطانیہ کے وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے قومی سلامتی سے متعلق تشویشناک بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو دہشتگرد حملوں سمیت دیگر سنگین خطرات لاحق ہیں، جن کے تدارک کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے اپنی حکومت کی سیکیورٹی پالیسی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کو اس وقت 9 بڑے سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا ہے، جن میں دہشتگردی، سائبر حملے، حیاتیاتی خطرات، دشمن ممالک کی کارروائیاں، قدرتی آفات، وبائی امراض، اقتصادی بدحالی، معلوماتی جنگ اور موسمیاتی تبدیلیاں شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ "ہمیں اپنے ملک کی حفاظت کے لیے نئے سرے سے سوچنا ہوگا، کیونکہ خطرات اب نہ صرف سرحدوں پر ہیں بلکہ ڈیجیٹل دنیا میں بھی موجود ہیں۔”وزیراعظم کے مطابق ان خطرات سے نمٹنے کے لیے قومی سیکیورٹی حکمت عملی میں ازسرنو تبدیلیاں کی جارہی ہیں اور انٹیلی جنس اداروں، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔

کیئر اسٹارمر نے واضح کیا کہ دہشتگردی کا خطرہ اب بھی برطانیہ کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے، جس سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون اور مقامی نگرانی دونوں ضروری ہیں۔ برطانوی حکومت کی جانب سے اس بیان کے بعد آئندہ دنوں میں مزید سخت حفاظتی اقدامات، قانون سازی اور قومی سیکیورٹی بجٹ میں اضافہ متوقع ہے۔

Shares: