لندن: برطانیہ میں سیاسی پناہ طلب کرنے والے افراد کی تعداد میں پاکستانی شہریوں نے سب سے آگے نکل کر پہلے نمبر پر جگہ بنا لی ہے۔

برطانوی وزارت داخلہ کی تازہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے 11 ہزار 48 افراد نے سیاسی پناہ کی درخواست دی، جو کہ مجموعی پناہ طلب کرنے والوں میں سب سے زیادہ ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مارچ 2025 میں ختم ہونے والے مالی سال میں برطانیہ میں کل 1 لاکھ 9 ہزار 343 افراد نے سیاسی پناہ کی درخواستیں جمع کروائیں۔ اس دوران پاکستانی درخواست گزاروں کی تعداد نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جبکہ افغان پناہ طلب کرنے والوں کی تعداد 8 ہزار 69 رہی، جو دوسرے نمبر پر ہے۔

گذشتہ سال مالی 2023-24 میں پاکستانی پناہ طلب کرنے والے تیسرے نمبر پر تھے، مگر اس سال ان کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ ملکی حالات اور سیاسی و معاشی غیر یقینی صورتحال بتائی جا رہی ہے۔برطانوی وزارت داخلہ کی رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ چھوٹی کشتیوں کے ذریعے سمندر عبور کرکے برطانیہ پہنچنے والے پناہ گزینوں میں سے تقریباً 33 فیصد پاکستانی شہری ہیں، جو کہ ایک تشویشناک اور بڑھتی ہوئی رجحان کی علامت ہے۔یہ اعداد و شمار برطانیہ میں سیاسی پناہ کی بڑھتی ہوئی مانگ اور خاص طور پر پاکستانی کمیونٹی میں اس رجحان کے حوالے سے اہم معلومات فراہم کرتے ہیں۔ برطانوی حکام نے اس صورتحال پر قابو پانے اور پناہ گزینوں کے حوالے سے سخت اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ قانونی عمل کو بہتر بنایا جا سکے۔

Shares: