برطانوی پارلیمان میں‌ کوکین استعمال ہونے کا انکشاف:برطانوی وزیراعظم نے بڑا حکم دے دیا

لندن : برطانوی پارلیمنٹ میں منشیات استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے جس کے پارلیمان کے 11 مقامات پر شواہد بھی ملے ہیں۔

کیا برطانوی اراکین پارلیمنٹ یا پارلیمان عملہ ایوان کی عمارت میں منشیات کا استعمال کررہا ہے، برطانوی خبر رساں ادارے سنڈے ٹائمز نے چونکا دینے والے انکشاف کردئیے۔

برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ برطانوی پارلیمان کی عمارت میں ٹیسٹ کی گئی بارہ میں سے گیارہ جگہوں پر کوکین کے شواہد ملے، جن میں وزیر اعظم کے دفتر کے قریب واش روم بھی شامل ہیں۔

اخبار نے پارلیمان میں نامعلوم ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ اراکین پارلیمان اور اسٹاف میں منشیات کا استعمال عام ہے۔برطانوی حکومت نے ملک میں منشیات کے استعمال کی روک تھام کے لیے 10 سالہ منصوبے کا اعلان کیا ہے۔

برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے ملک میں کام کرنے والے 2 ہزار منشیات فروش گروہ کے خاتمے کی تیاری شروع کردی ہے، اس سلسلے میں 10 سالہ حکمت عملی بھی تیار کی گئی ہے، جس کے تحت پولیس شہر اور مضافاتی علاقوں سے تعلق رکھنے والے منشیات فروش گروہ کے درمیان رابطوں کو توڑے گی۔

برطانوی وزارت داخلہ کے مطابق اس وقت ملک میں منشیات کے عادی افراد کی تعداد 3 لاکھ سے زائد ہے جو ملک میں ہونے والے جرائم کی وجہ ہیں، ان جرائم میں لوٹ مار اور قتل کے واقعات بھی شامل ہیں۔ جرائم کی ان وارداتوں سے ملک کو سالانہ 20 ارب پاوّنڈز کا نقصان ہوتا ہے۔

10 سالہ حکمت عملی کے تحت پولیس کو یہ اختیار دیا جارہا ہے کہ وہ گرفتار افراد کے ٹیسٹ کرائیں، منشایت کے عادی افراد کو اس لعنت سے چھٹکارہ دلانے کے لئے انہیں خصوصی کورس کرائیں اور اگر وہ منشیات کا استعمال جاری رکھیں تو انہیں سزائیں دلوائیں۔

نئی حکمت عملی کے تحت پولیس گرفتار کئے گئے منشیات فروش کا موبائل فون قبضے میں لے سکے گی، اس کے علاوہ پولیس کو اختیار بھی ہوگا کہ وہ اس موبائل فون کے ذریعے اس کے گاہکوں اور گروہ کے دیگر افراد سے رابطہ کرسکیں۔

برطانوی وزیر اعظم نے گزشتہ روز اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ملزمان کے ڈرائیونگ لائسنس اور پاسپورٹ بھی ضبط کئے جاسکتے ہیں۔

بورس جانسن کے لئے اس وقت ایک بڑا چیلنج برطانوی پارلیمنٹ میں منشیات فروشوں کی رسائی کو روکنا ہے، اس سلسلے میں انہوں نے چند روز قبل پارلیمنٹ میں خصوصی سراغ رساں کتے تعینات کرنے کا بھی عندیہ دیا ہے۔

برطانوی پارلیمنٹ کے اسپیکر سر لنڈسے ہوئلے نے اس حوالے سے کہا تھا کہ پارلیمنٹ کے احاطے میں منشیات اور دیگر ممنوعہ چیزیں استعمال کی جارہی ہیں، پارلیمنٹ کے ان حصوں سے بھی منشیات کے استعمال کے آثار ملے ہیں جہاں صرف خصوصی اجازت کے حامل افراد ہی داخل ہوسکتے ہیں، وہ پارلیمنٹ میں اس منشیات کلچر کی چھان بین کریں گے، پولیس کو شواہد اکٹھے کرنے بلایا جائے گا۔

Comments are closed.