مسقط: عمان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نواز دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق عمان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو اپنے اعلیٰ ترین سول اعزاز ‘آرڈر آف عمان” سے نوازایہ اعزاز عمان کے سلطان ہیثم بن طارق نے مسقط کے البرکا پیلس میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران دیا،بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سرکاری دورے پر عمان پہنچے جہاں ان کا شاندار اور تاریخی استقبال کیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نریندر مودی کا دورہ عمان دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے حوالے سے نہایت اہم اور تاریخی ثابت ہوا سلطان ہیثم بن طارق کی جانب سے دیا جانے والا سول ایوارڈ بھارت اور عمان کے درمیان 70 سالہ سفارتی تعلقات میں ایک نئی بلندی کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ آرڈر آف عمان اس سے قبل عالمی سطح کی ممتاز شخصیات جیسے برطانوی ملکہ الزبتھ دوم اور نیلسن منڈیلا کو بھی دیا جا چکا ہے نریندر مودی نے ایوارڈ قبول کرتے ہوئے اسے بھارت کے عوام کے نام منسوب کیا، عمان کی حکومت یہ ایوارڈ عموماً ان غیر ملکی باد شاہوں، صدور یا وزرائے اعظم کو عطا کرتی ہے جنہوں نے عمان کے ساتھ دوستی اور تعاون کو فروغ دینے میں نمایاں کردار ادا کیا ہو اس اعزاز کی بنیاد عمان کے سابق سلطان قابوس بن سعید نے رکھی تھی۔








