پاکستانی اداکار اور رئیلیٹی شو تماشہ کے پہلے سیزن کے فاتح عمر عالم نے ایک منفرد اور یادگار طریقے سے اپنی زندگی کا سب سے اہم لمحہ اپنی محبوبہ کے ساتھ گزارا۔
دوران پرواز، بھرے ہوئے جہاز میں، انہوں نے اپنی دوست کو شادی کی پیشکش کی اور اس کے ساتھ منگنی کرلی۔ اس خوبصورت لمحے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے، جس میں دونوں کی محبت اور جوش کا واضح اظہار کیا گیا ہے۔عمر عالم نے اس خصوصی موقع کو یادگار بنانے کے لیے خود بھی اپنی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ اپنی محبوبہ کے سامنے ایک خوبصورت انداز میں انگوٹھی پیش کرتے ہیں اور شادی کی پیشکش کرتے ہیں۔ عمر عالم کی آنکھوں میں محبت اور جوش واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے، اور ان کی باتوں سے اس لمحے کی اہمیت کا اندازہ ہوتا ہے۔
عمر عالم کی محبوبہ نے بھی ان کی پیشکش پر مسکراہٹ کے ساتھ ‘ہاں’ کہا اور انگوٹھی پہن لی۔ اس کے بعد جہاز میں بیٹھے دیگر مسافروں کی جانب سے دونوں کو خوشیوں اور نیک خواہشات کا پیغام دیا گیا، جس سے اس لمحے کا مزید رنگین بن گیا۔ویڈیو کے ساتھ انسٹاگرام پوسٹ میں عمر عالم نے کیپشن لکھا: "اس نے ہاں کہہ دی، اب یہ آفیشل ہوگیا ہے”۔ اس پوسٹ پر ساتھی اداکاروں اور مداحوں نے بھی عمر عالم اور ان کی محبوبہ کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ ان فنکاروں میں ایمن خان، منال خان، منشا پاشا، کنزہ ہاشمی اور ماہم عامر جیسے مشہور نام شامل ہیں۔
عمر عالم نے اپنی شہرت تماشہ سیزن ون سے حاصل کی تھی، جس کے بعد ان کی شاندار پرفارمنس اور کامیاب ڈراموں نے انہیں پاکستان کے صف اول کے اداکاروں میں شامل کر دیا۔ ان کے مشہور ڈراموں میں پہلی سی محبت، رقصِ بسمل اور گُرو سمیت کئی دیگر قابل ذکر پروجیکٹس شامل ہیں۔عمر عالم کی اس منفرد منگنی کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی ہے اور ان کی محبت بھری کہانی کو دیکھ کر ان کے مداح خوش ہیں اور ان کے نئے سفر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کر رہے ہیں۔
کچھ ماہ قبل عمر عالم نے اپنی شادی کے منصوبہ بندی کے حوالے سے ایک بیان میں بتایا تھا کہ میرا آئندہ سال شادی کا اراداہ ہے، ابھی نکاح نہیں ہوا مگر بات پکی ہو گئی ہے، شادی کس سے اور کیوں ہو رہی ہے یہ سب طے ہے، کہاں اور کب ہوگی یہ طے کرنا ابھی باقی ہے، میری ہونے والی اہلیہ کا تعلق شوبز سے نہیں ہے۔
خیال رہے کہ عمر عالم نے اپنے کریئر کا آغاز تھیٹر سے کیا۔ عمر عالم کو ابتدائی شہرت اپنے ڈراما سیریل ’شہنائی’ سے ملی بعد ازاں انہوں نے فیچر فلم ’پارچی’ میں بھی اداکاری کی جبکہ انکے دیگر پراجیکٹس میں’پہلی سی محبت’، ’ٹیکسالی گیٹ’، ’رقصِ بسمِل’،’گرو’ اور دیگر شامل ہیں،اداکاری کے علاوہ وہ ریئلٹی شو ’تماشا ’ کے فاتح بھی ہیں جہاں سے انہوں نے ایک بڑی فین فالوونگ حاصل کی۔