سعودی عرب سے کراچی پہنچے والا عمرہ زائر ائرپورٹ پر انتقال کرگیا

karachi

کراچی: سعودی عرب سے کراچی پہنچے والا عمرہ زائر حرکت قبل بند ہونے سے ائرپورٹ لاؤنج میں انتقال کرگیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافر صدیق احمد خان جمعرات کی دوپہر پی آئی اے کی پرواز پی کے 732 سے جدہ سے کراچی پہنچا تھا، مسافرکو امیگریشن کاؤنٹر پر پہنچتے ہی دل کا دورہ پڑا جو جاں لیواثابت ہوا۔

جناح ٹرمینل پر ڈاکٹرز کی ٹیم نے طبی معانہ کے بعد مسافر صدیق احمد خان کی موت کی تصدیق کردی، مسافر کی عمر 77 سال ہے اور وہ کراچی کے علاقے لانڈھی کا رہائشی ہے، سی اے اے کے ڈاکٹرز کی ٹیم نے ضابطہ کی کارروائی مکمل کر کے مسافر کی میت کو ورثا کے حوالے کردی۔

ادھرکلفٹن بلال ہاؤس چورنگی کے قریب نجی ریسٹورنٹ کے پارکنگ ایریا میں اندھی گولی لگنے سے زخمی ہونے والے دو سالہ معصوم بچہ دم توڑ گیا، پولیس نے واقعے کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا۔

پولیس کے مطابق 12 فروری کو بوٹ بیسن تھانے کے علاقے کلفٹن میں بلال ہاؤس چورنگی کے قریب نجی ریسٹورنٹ کے پارکنگ ایریا میں سر میں اندھی گولی لگنے سے دو سالہ شیر خوار بچہ سید حسن سجاد ولد علی سجاد شدید زخمی ہو گیا تھا جسے کلفٹن کے نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔

بعد ازاں زخمی بچے کو اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں بچہ دوران علاج دم توڑ گیا۔ بچہ مکان نمبر بی 10 بلاک 2 چیپل سن سٹی اسکیم 33 کا رہائشی تھا۔ پولیس کے مطابق مقتول بچہ اپنی فیملی کے ہمراہ شادی کی دعوت پر بلال ہاؤس چورنگی کے قریب واقع ریسٹورنٹ آیا تھا اور پارکنگ ایریا میں کھڑی گاڑی سے باہر آکر کھڑا ہوگیا تھا اسی دوران ایک آواز آئی جس سے بچے کے سرسے خون بہنا شروع ہوگیا۔

پولیس کے مطابق نامعلوم سمت سے آنے والی گولی بچے کے سر پر دائیں جانب سے لگی تھی جس سے بچہ شدید زخمی ہوگیا تھا، بوٹ بیسن پولیس نے سرکاری مدعیت میں قتل باالسبب کی تحت مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔

Comments are closed.