نجی ائیر لائن میں خرابی، 300 سے زائد عمرہ زائرین گزشتہ 24 گھنٹے سے کراچی ائیرپورٹ پر خوار

ائیر بس اے 330 طیارے میں آکسیجن ختم اور ہوا کا دباؤ کم ہونے کی شکایت ملی،
0
89
karachi

کراچی: اسلام آباد سے نجی ائیر لائن کے ذریعے روانہ ہونے والے 300 سے زائد عمرہ زائرین گزشتہ 24 گھنٹے سے کراچی میں خوار ہو گئے-

باغی ٹی وی: ائیر پورٹ ذرائع کے مطابق نجی ائیر لائن سرین ائیر کی پرواز ای آر 1801 نےدوپہر ایک بجکر 42 منٹ پر اسلام آباد سے جدہ کیلئے ٹیک آف کیا تھا، پرواز کو ہنگامی صورتحال پیدا ہونے پر 3 بجکر 42 منٹ پر کراچی اتار لیا گیا تھا۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ائیر بس اے 330 طیارے میں آکسیجن ختم اور ہوا کا دباؤ کم ہونے کی شکایت ملی، دوران پرواز طیارے میں جھٹکے لگنے سے چیخ و پکار مچ گئی اور عمرہ زائرین کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے عمرہ زائرین گزشتہ 22 گھنٹے سے کراچی ائیر پورٹ پر بے یار و مددگار ہیں-

مسافروں کے مطابق عمرہ زائرین کو ہوٹل منتقل کیا گیا اور نہ ہی جدہ پہنچانے کا کوئی انتظام ہے، پانی اور دیگر اشیاء وہ خود خرید کر پینے پر مجبور ہیں جب کہ بیشتر عمرہ زائرین کو احرام میں ہونے کی وجہ سے دیگر مسائل کا بھی سامنا ہے۔

دوسری جانب مسقط سے اسلام آباد کی پرواز میں مسافر انتقال کرگیا جس کے باعث کراچی میں طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کی گئی ایوی ایشن ذرائع کے مطابق عمان ائیر کی پرواز ڈبلیو وائی 345 نے مسقط سے مقامی وقت کے مطابق صبح 3 بج کر 4 منٹ پر اسلام آباد کے لیے ٹیک آف کیا۔

بوئنگ 737 طیارہ پاکستان کی فضائی حدود میں ہوشاب کے قریب تھا کہ طیارے کے ایک مسافر کی طبیعت خراب ہوگئی،ائیر ٹریفک کنٹرولر سے رابطہ اور ہدایت ملنے پر پائلٹ نے طیارے کا رخ کراچی کی طرف موڑ دیا، پرواز کو ہنگامی طور پر صبح پانچ بج کر 36 منٹ پر کراچی اتار لیا گیا۔

ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق کراچی لینڈنگ کے بعد معائنہ کرنے پر ڈاکٹروں نے بشارت نامی مسافر کی موت کی تصدیق کر دی بعد ازاں آزاد کشمیر کے علاقے باغ سے تعلق رکھنے والے مسافر بشارت کی میت کراچی ائیرپورٹ پر ائیر لائن کے عملے کے حوالے کر دی گئی، پرواز دیگر مسافروں کو لے کر اسلام آباد روانہ ہوگئی۔

Leave a reply